ادارہ ترقیات حیدرآباد کی نااہلی کے باعث شہری اذیت کا شکار ہیں

83

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما عمران قریشی نے کہاکہ بلدیاتی ادارے اور ادارہ ترقیات حیدرآباد کی نااہلی کے باعث حیدرآباد کے شہری اذیت کا شکار ہیں ۔ کروڑوں روپے کے فنڈز ہونے کے باوجود عوام کو نہ تو پینے کے صاف پانی کی سہولیات میسر ہے اور نہ ہی صحت وصفائی کے حوالے سے کام کئے جارہے ہیں۔ بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد اور میونسپل کمیٹی قاسم آباد اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کررہیں جس کے باعث شہر میں لوگوں کا چلنا بھی محال ہوگیا ہے ۔ گنجان آباد علاقوں میں سیوریج کا پانی جمع ہے جبکہ جگہ جگہ جمع ہونے والے کچرے کو بروقت نہیں اٹھایا جاتا جس سے اٹھنے والے تعفن سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی ادارے اور ایچ ڈی اے میں سیاسی بنیاد پر افسران کی تعیناتی کی جاتی ہے جو کام کرنے کے بجائے وزراء کو خوش کرنے میں مصروف ہیں۔ جس کی وجہ سے عام شہری مشکلات سے دوچار ہے ۔ کسی جگہ کوئی شنوائی نہیں ، چھوٹے چھوٹے کاموں کیلئے شہریوں کو مہینوں دھکے کھانے پڑتے ہیں ۔ پیپلزپارٹی کی حکومت کے وزرا خود کرپشن میں ملوث ہیں اور اپنے من پسند افسران کے ذریعے سرکاری وسائل اپنی ذاتی عیاشیوں کیلئے خرچ کررہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حیدرآباد میں صحت وصفائی کے کاموں کو فوری طورپر مکمل کیا جائے تاکہ غریب عوام کو ریلیف مل سکے۔