امریکا کی پاک افغان سرحد پر اسامہ کے بیٹے کی ہلاکت کی تصدیق

100

واشنگٹن (صباح نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن کی موت کی تصدیق کر دی۔ وائٹ ہائوس سے جاری بیان میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ حمزہ بن لادن پاک افغان سرحدی علاقے میں امریکی فورسز کے انسداد دہشت گردی آپریشن میں مارا گیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مطلوب دہشت گرد حمزہ بن لادن کی ہلاکت نہ صرف القاعدہ کی قیادت بلکہ تنظیم کی کارروائیوں کے لیے بھی بڑا نقصان ہے۔ امریکی میڈیا نے جولائی کے اواخر میں امریکی فورسز کے آپریشن کے دوران حمزہ بن لادن کے ہلاک ہونے کی خبر دی تھی تاہم تفصیلات فراہم نہیں کی گئی تھیں ۔ اب امریکی صدر کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آگیا ہے کہ حمزہ بن لادن کی ہلاکت پاک افغان سرحدی علاقے میں امریکی فورسز کے انسداد دہشت گردی آپریشن میں ہوئی تھی۔