ڈاکٹر طاہرالقادری کا عملی سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

104

لاہور (آن لائن) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پاکستان عوامی تحریک کی چیئرمین شپ اور عملی سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کام کرتی رہے گی، میں نے بطور چیئرمین اپنے تمام اختیارات الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق منتخب سپریم کونسل کو منتقل کر دیے ہیں، بطور قائد تحریک منہاج القرآن قوم اور ملک کے لیے میری فکری ،نظریاتی رہنمائی جاری رہے گی۔ انہوں نے کینیڈا سے ویڈیو لنک پر منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا، اس موقع پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور و دیگر صوبائی و ضلعی عہدیدار موجود تھے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ میں اپنی تمام توجہ تصنیف و تالیف اور کچھ اہم علمی تحقیقی منصوبہ جات کو مکمل کرنے پر مرکوز رکھوں گا، اس کے علاوہ کچھ صحت کے بھی مسائل ہیں جس کی وجہ سے اپنے آپ کو عملی سیاست سے الگ کررہا ہوں، سانحہ ماڈل ٹائون کے انصاف کی جدوجہد کا تعلق کسی سیاست سے نہیں ہمارے ایمان سے ہے، حصول انصاف کی جدوجہد آخری سانس تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ مشترکہ سیاسی جدوجہد کی، وہ جب اقتدار میں نہیں تھے تو سانحہ ماڈل ٹائون کے انصاف کی بات کرتے تھے اب یہ ان کی بھی ذمے داری ہے کہ وہ شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثا کو انصاف دلوانے کے ساتھ ساتھ ، تبدیلی کے ضمن میں جو اعلانات کیے تھے ان پر عملدرآمدکریں ۔
طاہر القادری