حکومت نفرت کے بیج بورہی ہے،سندھ تقسیم نہیں ہونے دینگے،راشد محمود

145

کراچی (نمائندہ جسارت) حکمران باقی صوبوں میں منہ کی کھانے کے بعد کراچی کمیٹی کے نام پر سندھ میں نفرت کا بیج بو کراپنی خفت مٹانے کی کوشش کررہے ہیں،لیکن ہم سندھ کے دل کراچی میںکسی ساز ش کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔آرٹیکل 149کو عالمی ایجنڈے کا حصہ سمجھتے ہیں اس کے اطلاق کو سندھ پر حملہ تصور کریں گے، حکمرانوں نے لاہور ،پشاور اور کوئٹہ کی صورتحال پر آنکھیں بند کررکھی ہیں،فروغ نسیم فارغ آدمی ہیں،اپنے میئرسے کام لے لیںورنہ گھربھیج دیں ،کراچی کو سیاست کی بھینٹ چڑھنے نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام سندھ کے سیکر ٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کراچی پریس کلب میںجماعتی ذمے داران کے ساتھ ہنگامی پریس کانفرنس ،جامعہ ضیاء الاسلام لیاری میں ضلع جنوبی کے اجلاس، اور شیدی ویلیج لیاری میں ختم نبوت ویکجہتی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر جے یوآئی کے صوبائی نائب امیر مولانا عبدالکریم عابد ،صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد اسلم غوری، صوبائی فنانس سیکرٹری مولانا محمد غیاث،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمدسمیع سواتی، صدر بزنس فورم سندھ امین اللہ ،کراچی کے تمام اضلاع کے امراء مولانا عمرصادق،مولانااحسان اللہ ٹکروی،مفتی عبدالحق عثمانی ،مولانا نورالحق ،مولانا فتح اللہ، مولانا عبدالرشید نعمانی ، سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت بھارت کو فروخت کرکے نمائشی احتجاج بدترین سفارتی ناکامی ہے، بے ہنگم ٹیکسز، مہنگائی اور کفایت شعاری کی باتیں کرونیوالوں کی شاہ خرچیوں نے عوام کی کمرتوڑ کررکھ دی ہے، صنعتیں تباہ کرکے ملک کو معاشی بحران کی دلدل میں دھکیلاجارہاہے۔مولانا راشد محمود سومرو نے ضلع تھرپارکر میں قادیانیوں کی تبلیغی سرگرمیوں ،لوگوں کو قادیانی بنانے کی مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ حکومت قادیانیوں کو ان کے آئینی حدود کے اندر رہنے کا پابند بنائے ۔مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ عوام جعلی مینڈیٹ کی حامل نااہل حکومت سے اکتا چکے ہیں ، مولانا فضل الرحمن کے حکم پر اکتوبر میںآزادی مارچ اسلام آبادکی تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں ،جے یوآئی سندھ کے 29اضلاع سے لاکھوں کارکنان اسلام آباد کارخ کریں گے ، بھڑکیں مارنے والے حکمرانوںکی چولیں ہلاکر رکھ دے گا۔دریں اثناء جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے قائدین کے 29 اضلاع کے تنظیمی دورے کے 18ویں روز آج ضلع جنوبی اور پیرکوضلع وسطی میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔
راشد محمود