وزرا شرارت سے باز رہیں ، ہمارے ہوتے ہوئے سندھو دیش نہیں بن سکتا، پیپلز پارٹی

212

 

اسلام آباد(صباح نیوز) پیپلزپارٹی کی سیکرٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے وفاقی وزرا کے بیانات کو انتشار پھیلانے کا سبب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے ہوتے ہوئے سندھو دیش کبھی نہیں بنے گا، آرٹیکل 149 سندھ پر تیسرا حملہ ہے، پیپلز پارٹی کشمیر کے معاملے پر کوئی سیاست نہیں کرے گی اور کشمیر کے مقدمے میں ہم حکومت کے ساتھ ہیں۔ اسلام آباد میں دیگر رہنماؤں
کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ وزرا شرارت کر رہے ہیں جس کے باعث انتشار پھیل رہا ہے ، جب بلاول خبردار کرتے ہیں تو ان پر تنقید کی جاتی ہے اور ان کی صرف ایک تقریر کا حوالہ دیا جاتا ہے۔بلاول کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جب تک پیپلز پارٹی ہے سندھو دیش کبھی نہیں بن سکتا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کشمیر کے معاملے پر کوئی سیاست نہیں کرے گی اور کشمیر کے مقدمے میں ہم حکومت کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو 40دن کے بعد محسوس ہوا کہ وہ کشمیر کے سفیر ہیں لیکن انہوں نے کشمیری نوجوانوں کو کوئی حوصلہ نہیں دیا، اچھا سفیر بننا ہے تو ذوالفقار علی بھٹو کی پیروی کریں۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر عارف علوی کے خطاب سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ صدر پارلیمنٹ کا حصہ ہیں لیکن انہوں نے آمروں کی طرح سپریم کورٹ پر آئینی حملہ کیا، الیکشن کمیشن اور پارلیمنٹ پر حملہ کیا، صدر کی پرانی وڈیوز بھی موجود ہیں، جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ کراچی میں ٹریفک نہیں چلے گی۔نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ ایک وڈیو میں کہا گیا کہ جی حضور پی ٹی وی پر جو کہا گیا تھا وہ ہو گیا، صدر، وزیراعظم اور ان کے آرڈیننسز بھی سلیکٹڈ ہیں۔اس موقع پر پلوشہ خان کا کہنا تھا کہ جمعہ کے روز آزاد کشمیر میں کھلاڑیوں اور بلے بازوں کو بلا کر کنسرٹ کروایا گیا جسے دیکھ کر نریندر مودی کانپ رہا ہوگا۔سینیٹر روبینہ خالد نے پشاور میں آرٹیکل 149کے نفاذ کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بی آر ٹی منصوبہ الف لیلی کا قصہ ہے، پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں حالات بہت برے ہیں، پولیو وائرس بے قابو ہو چکا ہے ، پنجاب میں ڈینگی وائرس پر قابو پانے میں ناکام ہو چکی ہے۔روبینہ خالد نے کہا کہ کراچی کے مسائل پر بات کرنے والوں کو پنجاب اور خیبرپختونخوا نظر نہیں آتا۔