اسرائیل کو تسلیم کرنے کی پالیسی تبدیل نہیں ہوئی، دفتر خارجہ

121

 

اسلام آباد(آن لائن+اے پی پی)ترجمان وزارت خارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا ہے کہ اسلام آباد پر صیہونی حکومت کو تسلیم کرنے کی کوششوں کا الزام بے بنیاد پروپیگنڈے کا ایک حصہ
ہے اور صیہونی حکومت کو تسلیم نہ کرنے پر مبنی اسلام آباد کی پالیسی تبدیل نہیں ہوگی۔ ہفتے کو اپنے ایک جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ اسلام آباد فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتا ہے اور ایسی خود مختار فلسطینی مملکت کی تشکیل کی حمایت کرتا ہے جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو، پاکستان کی بعض سیاسی قوتوں نے حال ہی میں اسلام آباد حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ پاکستان کو چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر اور ہند و پاک کے تنازعے میں عربوں کی خاموشی کے جواب میں تل ابیب کے ساتھ تعلقات قائم کرے۔علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ نے سعودی عرب میں تیل تنصیبات پر ڈرون حملوں کی سخت مذمت کی ہے اور سعودی عرب کی سلامتی و علاقائی استحکام کو درپیش خطرات کی صورت میں برادر ملک کی مکمل حمایت اور ان کے ساتھ یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے گزشتہ روز سعودی عرب کے مغرب میں بقیق اور خریص آئل فیلڈز پر ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی ہے جس سے تیل تنصیبات میں آگ بھڑک اٹھی،آتشزدگی سے آئل فیلڈز کے آپریشن میں خلل پڑا اور مالی نقصان پہنچا۔ ان کا کہنا ہے کہ تجارتی سرگرمیوں کو سبو تاژ کرنا اور دہشت و خوف پھیلانا نا قابل برداشت ہے،توقع ہے کہ ایسے حملے دوبارہ نہیں ہوںگے ،ایسے واقعات خطے میں پر امن ماحول کے نقصان کا باعث بنتے ہیں۔