باجوڑ‘ فورسز کمیٹی کا مطالبات کے حق میں احتجاجی تحریک کا آغاز

112

باجوڑ (اے پی پی) آل فاٹا لیویز اور خاصا دار فورسز کمیٹی نے صوبائی حکومت کی جانب سے اسمبلی میں خاصا دار، لیویز بل 2019ء کو مسترد کرتے ہوئے اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاجی تحریک کا آغاز کردیا۔ یہ اعلان کمیٹی کے رہنمائوں نے ایک تقریب میں کیا۔تقریب سے خطاب میںمقررین نے کہا کہ پولیس ایکٹ2017ء نافذ کرکے لیویز و خاصا دار کو پولیس میں ضم کرکے پولیس کے اختیارات ومراعات دی جائیں اور لیویز وخاصا دار فورس کے ساتھ مزید مذاق بند کیا جائے۔ آل فاٹا لیویز
وخاصا دار فورس کمیٹی کے چیئرمین سید جلال وزیر نے کہا کہ اگر ہمیں پولیس میں ضم نہیں کرنا تھا تو پھر ڈی ایس پی اور ایس ایچ اوز کے بیج کیوں لگائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ مذاق بند کیا جائے۔ اگر واقعی قبائلی اضلاع کا انضمام ہواہے تو پھر صحیح معنوں میں انضمام کے ثمرات ہمیں دیے جائیں اور ہمارے ساتھ جو وعدے ہوئے ہیں اْن کو نافذ کیاجائے۔ سید جلال وزیر نے کہا کہ پولیس ایکٹ 2017ء کے علاوہ ہمیں کوئی اور ایکٹ کسی بھی صورت منظور نہیں اور ہم اپنے مطالبات کے لیے احتجاج جاری رکھیں گے۔