چیف جسٹس رانا ثنا کے خلاف جھوٹے مقدمے کا نوٹس لیں، ن لیگ

80

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے چیف جسٹس پاکستان سے رانا ثنااللہ کیس کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے رانا ثنا کو بھونڈے انداز سے گرفتار کر کے سیاسی انتقام کی بدترین مثال قائم کی ہے۔ اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ رانا ثنا کی گرفتاری انصاف کے نظام پر طمانچہ ہے، نالائق اور نااہل حکومت رانا ثنا کے خلاف کیس جج اور
وکیل کے بغیر چلا رہی ہے کیونکہ کیس جھوٹا ہے، کیس میں حکومت نے چوتھی مرتبہ پراسیکیوٹر بدل دیا اور اب وہ پراسیکیوٹر رکھا ہے جو کوئٹہ میں عارضہ قلب میں مبتلا ہے۔ حکومتی ارکان اور ڈی جی اے این ایف نے پارلیمان اور پریس کانفرنس میں جھوٹ بولا کہ رانا ثنا کے خلاف وڈیو موجود ہے۔ 2 ماہ 13 دن گزر گئے لیکن رانا ثنا سے برآمدگی کی وڈیو آج تک پیش نہیں کی جاسکی۔ جس جج نے وڈیو طلب کی تھی، انہیں عمران صاحب نے دورانِ سماعت واٹس ایپ کے ذریعے منصب سے ہٹادیا۔ حکومتی پراسیکیوٹر اور حکومتی وکیل نے وزیر موصوف اور ڈی جی اے این ایف کے وڈیو موجود ہونے کے بیان کو سیاسی قرار دیا اور عدالت میں تسلیم کیا کہ ان کے پاس کوئی وڈیو موجود نہیں ہے۔ مریم اورنگزیب نے رانا ثنا کے کیس کا چیف جسٹس پاکستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثنا اللہ کو گرفتار منشیات کیس میں کیا گیا اور چھان بین اثاثوں کی ہو رہی ہے یہ کام تو عمران خان نیب سے کروا لیتے۔