جماعت اسلامی سندھ کا حیدرآباد میں بھی کشمیر مارچ کا اعلان، سراج الحق قیادت کرینگے

182
حیدرآباد: امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی امرائے زون ، شوریٰ اور ناظمین شعبہ جات سے خطاب کررہے ہیں
حیدرآباد: امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی امرائے زون ، شوریٰ اور ناظمین شعبہ جات سے خطاب کررہے ہیں

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ آج فلسطین سے لے کر کشمیر تک اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں پر حملہ آور ہیں، اتحاد امت وقت کی ضرورت ہے، مسلم امہ کو معمولی اختلافات سے بالاتر ہوکر اپنے اتحاد و یکجہتی کے ذریعے اسلام و مسلمانوں کے خلاف
ہونے والی سامراجی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا ۔مسلم تاجروں نے اسلام کی ترویج و اشاعت میں بنیادی کر دار ادا کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں امرا،اراکین شوریٰ،ناظمین شعبہ جات، برادر تنظیمات اورجماعت اسلامی حلقہ خواتین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ فلسطین، کشمیراوربرما میں اہل اسلام بدترین ظلم و ستم کا شکار ہیں،اس کے باوجود مظلوم مسلمان اپنے طور پر جہاد کررہے ہیں۔ وہاں اسپتال بند ہیں،حاملہ خواتین اور زخمیوں تک کواسپتال جانے کی اجازت نہیں ہے،کرفیو دوسرے مہینے میں داخل ہے، کھانے پینے کی اشیا اور ادویات کی قلت ہے۔ ایسے حالات میں کشمیریوں کی مدد کرنا ہمارا فرض ہے۔حضورؐ نے خود جہاد کیا اور امت کو جہاد کا شوق دلایا، جہاد رسولؐ کی سنت مبارکہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی تا ریخ گواہ ہے کہ صحابیات نے بھی جہاد میں حصہ لیاہے، وہ مجاہدوں کو پانی پلا یا کرتی تھیں اور زخمیوں کا علاج کرتی تھیں، آج کی خواتین مائیں، بہنیں،بیٹیاں مجاہدوں کو تیار کر سکتی ہیں، مالی تعاون کر سکتی ہیں،اگرہم کشمیر نہیں جاسکتے،سری نگر نہیں جا سکتے،کم از کم سڑکوں پر نکل کر جتنی مدد ہم ابھی کرسکتے ہیں کرنی چاہیے۔وقت آیا اور موقع ملے گا تو سری نگر بھی جائیں گے، ہماری ساری ہمدردیاں جان و مال سب کچھ کشمیری بہنوں، بچوں اور مردوں اور بزرگوں پر قربان ہے۔حیدرآباد میں کشمیر مارچ اسی سلسلے کی کڑی ہے، کشمیر کے لیے اب وہ وقت ہے کہ جہاد کا ماحول بنایا جائے۔محمد حسین محنتی نے مزید کہاکہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت جہاد کا اعلان کرے،بھارت بے شک بڑا ملک ہے مگر ہمارے ایمان سے بڑا نہیں ہے، کارکنان گھر گھر،دکان دکان جائیں اور کشمیر کے لیے اہل شہر کو تیار کریں، امیر جماعت اسلامی سراج الحق13 اکتوبر کو حیدرآباد میںکشمیر مارچ کی قیادت کریں گے۔امیر جماعت اسلامی حیدرآباد حافظ طاہر مجید، صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، نائب امیر ضلع حیدرآباد ڈاکٹر سیف الرحمن،جنرل سیکرٹری مطاہر خان اور عبدالقیوم حیدر بھی اس موقع پر موجود تھے۔