دورہ پاکستان میں توجہ سیکورٹی پر نہیں کرکٹ پر ہوگی ،سری لنکن قائد

130

کولمبو(جسارت نیوز )سری لنکن ون ڈے ٹیم کے کپتان لاہیرو تھریمانے نے دورہ پاکستان میں سیکورٹی خدشات کو مسترد کردیا۔چند روز قبل10سری لنکن کرکٹرز نے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا،ان میں ون ڈے کپتان ڈیموتھ کرونارتنے اور ٹی ٹوئنٹی قائد لسیتھ مالنگا بھی شامل تھے،لاہیرو تھریمانے کو ون ڈے کپتان مقرر کیا گیا ہے۔اس حوالے سے ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ ہماری توجہ سیکورٹی پر نہیں کرکٹ پر ہے،سری لنکن بورڈ نے ہمیں پاکستان میں سیکورٹی پلان سے آگاہ کیا جس سے ہم مطمئن ہیں،یہی بات میں نے اپنی فیملی کو بتائی، اس لیے ان کو اب کوئی خدشات نہیں۔ دورے سے انکار کرنے والوں کے بارے میں انھوں نے کہا کہ اگر فیملی ساتھ نہ دے تو فیصلہ مشکل ہوجاتا ہے،اگر کسی نے نہ جانے کا اعلان کیا تو اسے تسلیم کرنا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ کپتانی کی بات نہیں، میرے لیے یہ ایک عام سیریز کی طرح ہے،چند سینئرز کے بغیر بھی سری لنکن ٹیم متوازن ہے،اگر اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیل پیش کیا تو سرخرو ہونگے۔دوسری جانب سری لنکن کرکٹرز کو دور ہ پاکستان پر آمادہ کرنے کیلئے میٹنگ میں موجود چیف سلیکٹر اشانتھا ڈی میل نے کہا کہ کسی نے بھی آئی پی ایل سے باہر نکالے جانے کا خوف ظاہر نہیں کیا۔ نہ جانے کا فیصلہ صرف سیکورٹی تحفظات کی وجہ سے تھا،ویسے بھی صرف مالنگا ہی بھارتی لیگ میں کھیلتے ہیں،انھوں نے ایونٹ سے باہر کیے جانے کی بات نہیں کی۔