کرپشن نے پورے نظام کو مفلوج کر کے رکھ دیا، جاوید قصوری

142

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہاہے کہ کرپشن نے پورے نظام کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکاجائے۔جماعت اسلامی ملک میں بلاتفریق کڑے احتساب کی خواہش مند ہے اور اس حوالے سے1996ء سے جدوجہد کررہی ہے۔ پاک صاف، محب وطن اور پڑھی لکھی قیادت ہی پاکستان کا مستقبل سنوار سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ملک میں احتساب کا عمل پہلی مرتبہ برسراقتدار افراد سے شروع ہوا ہے۔ ا س کو بلاتفریق پایہ تکمیل تک پہنچایا جانا چاہے ۔قوم منتظر ہے کہ کب پانامالیکس میں بے نقاب ہونے والے دیگر 436پاکستانیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گئی۔جب تک کرپٹ عناصر کا محاسبہ اور لوٹ مار کی دولت پاکستان واپس نہیں لائی جاتی ہم ترقی وخوشحالی کی منازل طے نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون رائج ہے۔مٹھی بھراشرافیہ ملک وقوم کی تقدیر کی مالک بنی بیٹھی ہے۔اہم معاملات پر پارلیمنٹ کوبائی پاس کرنے کی روایات ہنوز جاری ہے۔کچن کیبنٹ میں ہونے والے فیصلے عوام کی حالت زار نہیں بدل سکتے۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی غلط حکمت عملی اور ذاتی مفادات پر مبنی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان آج مسائلستان بن چکا ہے۔لوگوں کو کسی قسم کاکوئی ریلیف میسرنہیں۔ملکی معیشت تباہ وبرباد ہوچکی ہے۔قرضوں کا سہارا لے کر عوام کو بے وقوف نہیں بنایاجاسکتا۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے مزیدکہاکہ رہی سہی کسر مہنگائی اور بے روزگاری نے پوری کردی ہے۔پڑھے لکھے نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لے کر دردرکی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ۔ نوکریاں نہ ملنے کی وجہ سے نوجوان بے راہ روی کا شکار ہورہے ہیں یہی وجہ ہے کہ جرائم کی وارداتوں میں بے پناہ اضافہ اورلاقانونیت کی انتہا ہوچکی ہے۔