حکمرانوں کی نااہلی ملک کو دوراہے پر لاچکی ہے، مولانا عتیق الرحمن

182

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) حکمرانوں کی نااہلی ملک کو دوراہے پر لاچکی ہے ،مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت انڈیا کو فروخت کرکے نمائشی احتجاج ہماری بدترین سفارتی ناکامی ہے، ایک جانب بے ہنگم ٹیکسزاورپے درپے مہنگائی نے عوام کی کمرتوڑ کررکھ دی ہے ،تو دوسری جانب کفایت شعاری ،سادگی اور معاشی انقلاب کی باتیں کرنے والے اپنی شاہ خرچیوں سے قومی خزانے کا دیوالیہ نکال رہے ہیں ،ڈالرکی قدر دن بدن بڑھتی جارہی ہے، روپے ڈالر کے سامنے سرنگوں دکھائی دے رہا ہے، جبکہ صنعتیں تباہ کرکے ملک کو معاشی بحران کے گہرے دلدل میں جھونکا جارہاہے، روزانہ کے حساب سے ہزاروں نوجوان بے روزگار ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علما اسلام ف کے ضلعی پریس سیکرٹری مولانا عتیق الرحمن بروہی نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں قادیانی مشینری کی جانب سے سماجی کاموںکی آڑ میں تبلیغی سرگرمیوں، لوگوں کو اسلام سے مرتد کرکے قادیانی بنانے کی مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ حکومت قادیانیوں کو ان کے آئینی حدود کے اندر رہنے کا پابند بنائے، آئین نے قادیانیوں کی عبادت گاہوں کو مسجد سے تشبیہ دینے سے روک رکھا ہے، ہمیں بتایاجائے کہ کس آئین کے تحت آج قادیانی لابی سندھ کے شہری اور سرحدی پٹی میں اپنی مذموم سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے، انہیں فورا لگام دی جائے۔ عوام جعلی مینڈیٹ کی حامل نااہل حکومت سے اکتا چکے ہیں، عوام کی امیدوں کا مرکز اب جمعیت علما اسلام ہے۔ مولانا فضل الرحمن کے حکم پر اکتوبر میں آزادی مارچ اسلام آباد کی تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں۔ جے یو آئی سندھ کے 29 اضلاع کے کارکنان آزادی مارچ میں شرکت کے لیے اپنے قائد کے حکم کے بے تابی سے منتظر ہیں۔ سندھ سے لاکھوں کارکنان اکتوبر میں اسلام آباد کا رخ کریں گے۔