ظالم اور جابر قوتوں کیخلاف جدوجہد جاری رہے گی، نصر اللہ عزیز

47

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی جیکب آباد کے تحت مسجد نور ایمان میں تقریب شہادت حسینؓ کا اہتمام کیا گیا، جس کے مہمان خاص حافظ نصراللہ عزیز چنا نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ تھے۔ تقریب میں جماعت اسلامی کے کارکنان کے علاوہ شہر سے عام افراد نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نصر اللہ عزیز نے کہا کہ ازل سے ابد تک ظلم، ظالم اور جابر قوتوں کیخلاف جدوجہد جاری رہے گی اور اس میں کردار حسینؓ ہی راہ حق کے کارواں کے لیے مشعل راہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی اور دائمی فتح کردار حسینی میں مضمر ہے۔ شہادت حسینؓ پر عمل پیرا ہونا ہی غلبہ دین ہے۔ آج وقت کے جابر، ظالم مودی کیخلاف اسی جذبے کے درس کو دوہرانے کی اشد ضرورت ہے جب جاکر کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کی جاسکتی ہے۔ بد قسمتی سے امت مسلمہ کے حکمران معاشی ابتری کے خوف اور خواہشات کے نفس کے پجاری لیت و لال سے کام لے رہے ہیں۔ کشمیری ضرور آزادی لے کر رہیں گے۔ تاریخ گواہ ہے کہ بہت کم ایمان والے بڑے بڑے لشکروں کو شکست سے دوچار کرچکے ہیں۔ تقریب میں امیر ضلع، امیر شہر کے علاوہ جماعت اسلامی کے ذمے داران بھی موجود تھے۔