نوابشاہ، چنگ چی رکشوں کی قسطوں پر ادائیگی پر بھاری سود وصول

136

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) چنگ چی رکشوں کی قسطوں پر ادائیگی پر بھاری سود وصول کیا جا رہا ہے تو وہیں غیر قانونی طور پر چلنے والی چنگ چیوں نے ٹریفک کا نظام درہم برہم کردیا ہے، بڑھتے ہوئے حادثات کی وجہ سے شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایکسائز پولیس اور ٹریفک پولیس کی مبینہ طور پر لاپروائی اور غفلت کے باعث ضلع کے ہیڈ کوارٹر نوابشاہ اور گردونواح کے علاقوں میں غیر رجسٹرڈ آٹو چنگ چی رکشوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ غیر رجسٹرڈ آٹو چنگ چی رکشا شہر اور گنجان آباد علاقوں میں انتہائی تیز رفتاری سے گھومتے رہتے ہیں اور ان غیر رجسٹرڈ آٹو چنگ چی رکشوں کو بچے چلاتے ہوئے نظر آتے ہیں، ان کی اس لاپروائی اور غفلت کے باعث آئے دن حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ اس حوالے سے شہریوں کی جانب سے متعدد بار ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو شکایتیں کی گئیں مگر اس کے باوجود ان غیر رجسٹرڈ آٹو چنگ چی کیخلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ ضلع میں سیکڑوں کی تعدادمیں چلنے والے غیر رجسٹرڈ آٹو چنگ چی رکشوں کے مالکان اور ان کی نگرانی کرنے والوں سے ایکسائز پولیس اور ٹریفک پولیس نے سازباز کر رکھی ہے جن سے وہ ہزاروں روپے وصول کرتے ہیں۔ شہریوں نے محکمہ ایکسائز اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ آٹو چنگ چی رکشوں اور ان کو چلانے والے بغیر لائسنس یافتہ اور چھوٹے بچوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔