کراچی کو سندھ سے الگ کرنے کی ناپاک حرکت کی جارہی ہے

102

بدین (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع بدین کی جانب سے پی ٹی آئی حکومت اور وفاقی وزیر فروغ نسیم کیخلاف احتجاجی ریلی اور بدین پریس کلب کے سامنے مظاہرہ۔ پاکستان پیپلز پارٹی ضلع بدین کے تحت وفاق کی جانب سے سندھ میں آرٹیکل 149 نافذ کر کے کراچی کے وسائل اور انتظامی امور حاصل کرنے کے اعلان کیخلاف پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر حاجی رمضان چانڈیو، سیکرٹری حاجی سائیں بخش جمالی، رکن صوبائی اسمبلی حاجی تاج محمد ملاح، میر اللہ بخش تالپور، پیپلز پارٹی کے رہنما اسلم راہو عبدالرحمن بلوچ، عبدالغفور نظامانی، فدا مندرو، میر وقار تالپور، حاجی رسول بخش چانڈیو، امیر کھوسو، ساجدہ تالپور، نیاز لاشاری، غفور میمن اور دیگر کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے سیکڑوں کارکنوں اور عہدیداروں نے مہران چوک سے بدین پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی اور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی رہنماؤں نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کا قیام ہی جمہوریت کیخلاف ایک سازش تھا اور سازش کے تحت سندھ کیخلاف ہر روز کوئی نہ کوئی انتقامی کارروائی کی جاتی ہے، سندھ کی ترقی اور خوشحالی کو روکنے کے لیے وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم اور پی ٹی آئی ٹولہ سرگرم ہے۔ پیپلز پارٹی کیخلاف انتقامی کارروائیاں، سندھ کے مالی وسائل پر قبضہ اور اب آرٹیکل 149 کے غیرآئینی اقدام کا حملہ کر کہ کراچی کو سندھ سے الگ کرنے کی ناپاک حرکت کی جارہی ہے۔ وفاقی حکومت ملک و قوم اور جمہوریت کے لیے خطرہ بن گئی ہے۔