احسن آباد کی سڑک ٹریفک کے لیے خطرہ بن گئی‘پبلک ایڈ کمیٹی

82

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی ضلع شمالی کے نگراں ابو الضیاء پرویز نے کہاہے کہ سڑکیں اور راستے عوام کی سہولت کے لیے بنائے جاتے ہیںلیکن گزشتہ کچھ سالوں سے احسن آباد چورنگی سے متصل سڑک پر جا بجا گہرے گڑھے پڑے ہیں اور سڑک کی حالت انتہائی مخدوش ہے جو حالیہ بارشوں اور ٹوٹ پھوٹ کے باعث مزیدخستہ حال ہو گئی ہے جوکسی بھی بڑے حادثے کاسبب بن سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے حاجی طور خان اور ناصراقبال کے ہمراہ مذکورہ سڑک کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع علاقہ مکین بھی موجود تھے جنہوں نے اس حوالے پبلک ایڈ کمیٹی کو اپنے خدشات سے آگاہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں تعاون اورمدد کی درخواست کی۔انہوںنے مزید کہاکہ یہ سڑک سپر ہائی وے معمار موڑ ، گلشن معمار ، احسن ٓباد کے درمیان رابطے کا ذریعہ ہے یہ ایک اہم اور مصروف سڑک ہے جس پر دن رات عام گاڑیاں اور ہیوی ٹریفک بھی گزرتاہے،اور پیدل چلنے والے بھی گزرتے ہیں لہٰذا سڑک کی ٹوٹ پھوٹ اور مخدوش حالت اس سڑک پرپیدل چلنے والوں اور یہاں سے گزرنے والے ٹریفک کے لیے خطرے کاباعث ہے اور کسی سنگین حادثے کا سبب بھی بن سکتی ہے جس کی وجہ سے جانی و مالی نقصان کا اندیشہ ہے، اس سڑک کی صورتحال کی جانب بارہا توجہ دلائی گئی لیکن شنوائی نہ ہوسکی ہم گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ، یہاں کے منتخب نمائندوں، میئر کراچی اور متعلقہ اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ کہ زبانی دعوے نہیں کام کرکے دکھائیں اور اس سڑک فوری ہنگامی بنیادوں پر مرمت کروائی جائے۔