نجی میڈیکل سینٹر میں غلط انجکشن لگنے سے 40 سالہ خاتون بحق

117

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نارتھ ناظم آباد میں رات گئے نجی میڈیکل سینٹر میں مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے کے باعث 40سالہ خاتون جاں بحق ہوگئی۔ پولیس کے مطابق نارتھ ناظم آباد بلاک سی میں واقع شاہ میڈیکل سینٹر میں علاج کے دوران غلط انجکشن لگنے سے پروین زوجہ انور جاں بحق ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق خاتون کی لاش کو پہلے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تاہم لیڈی ایم ایل او نہ ہونے کے باعث رات گئے لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہاں بھی پوسٹ مارٹم نہ ہوسکا۔جناح اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاں بحق خاتون کے شوہر کا کہنا تھا کہ میری اہلیہ کو دو روز سے بخا ر تھا، قریبی کلینک لے کر گیا جہاں سے ڈاکٹرنے اس کو فوری طور پر کسی بڑے اسپتال میں لے جانے کا مشورہ دیا جس پر وہ اسے شاہ میڈیکل سینٹر لے آیا۔جہاں بخار کی حالت میں اہلیہ کو پے در پے ڈرپ لگائی جاتی رہیں،اہلیہ کا غلط علاج کیا گیا جس کی وجہ سے موت واقع ہوئی۔جاں بحق خاتون کے شوہر نے شکوہ کیا کہ جناح اسپتال میں لیڈی ایم ایل موجود نہیں تھی ، ہمیں انصاف فراہم کیا جائے پولیس تعاون نہیں کررہی ۔