بلاول کی جانب سے سندھو دیش کا پرچارقابل مذمت ہے، خرم شیرزمان

95

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ ملک اس وقت کشیدہ صورتحال سے گزر رہا ہے ، اس موقع پر بلاول زرداری کی جانب سے سندھودیش کا پرچار کرنا انتہائی قابل مذمت ہے۔ جہاں پوری قوم کشمیر کو بھارتی مظالم سے آزاد کرانے کے لیے عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، وہیں اپوزیشن رہنما اپنی کرپشن چھپانے اور اپنے آقاؤں کو بچانے میں مصروف ہیں۔ خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر جس طرح وزیر اعظم عمران خان نے دنیا بھر کے سامنے اجاگر کیا وہ آج سے پہلے کسی حکومت میں نہیں ہوا۔ بلاول زرداری نے اس موقع پر سندھو دیش کا نعرہ لگا کر مودی کے پیروکار ہونے کا عملی ثبوت دے دیا ہے۔ اپوزیشن اراکین چاہے جتنا شور مچا لیں وہ اپنی اور اپنے آقاؤں کی کرپشن پر پردہ نہیں ڈال سکتے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری اپنے والد کی کرپشن بچانے کے لیے مارچ کرنے کے بجائے اپنی سندھ حکومت میں ہونے والی زیادتیوں کا نوٹس لیں۔ سندھ کے عوام پیپلز پارٹی سے بے زار ہیں۔ سندھ کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور قائدین کی کرپشن کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کشمیری عوام کی آواز بن کر کشمیر کی آزادی کی تحریک میں ایک نئی روح پھونکی ہے۔ اور وہ وقت دور نہیں جب عمران خان کی قیادت میں ہم کشمیر کو بھارتی مظالم سے آزادی دلائیں گے۔