جولائی،اگست میں 12172ملین روپے ٹیکس وصول کیا،مکیش کمار

99

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائز سندھ نے رواں مالی سال کے دوران جولائی/اگست میں مختلف ٹیکسز کی مد میں مجموعی طور پر 12172.986 ملین روپے ٹیکس وصول کیا۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات عبد الحلیم شیخ، ڈائریکٹر جنزلز شبیر احمد شیخ اور شعیب احمد صدیقی اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن شبیر احمد شیخ نے بتایا کہ موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں 1216.749 ملین روپے، انفراسٹرکچر سیس کی مد میں 9064.656 ملین روپے اور پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 126.778 ملین روپے وصول کیے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کاٹن فیس کی مد میں 9.514 ملین روپے، جائیداد ٹیکس کی مد میں 800.683 ملین روپے اور انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی کی مد میں 17.004 ملین روپے وصول کیے گئے جبکہ بقایا رقم دیگر ٹیکسز کی مد میں وصول کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے ٹیکسز کی وصولی کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس نادہندہ گان گاڑیوں سے ٹیکسز کی وصولی کے لیے روڈ چیکنگ مہم جلد شروع کی جائے گی ۔انہوں نے افسران کو خبردار کیا کہ اہداف حاصل نہ کرنے والے افسران کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔