جے آئی یوتھ کا21ستمبر کو چکوٹھی سیز فائر لائن روندنے کا اعلان

192

عباس پور ( پ ر) جے آئی یوتھ نے 21ستمبر کو چکوٹھی سیز فائر لائن روندنے کا اعلان کردیا۔جے آئی یوتھ آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے صدر نثار احمد شائق نے کہا ہے کہ 21 ستمبر کو 50 ہزار نوجوان چکوٹھی سیز فائر لائن کی طرف مارچ کریں گے‘جے آئی یوتھ کا ڈیتھ اسکواڈ خونی لکیر کو روند کر مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ہمت و حوصلے اور ان سے اظہار یکجہتی کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ عباس پور کے دوران یکجہتی کشمیر ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی سے سابق امیدوار قانون ساز
اسمبلی چودھری نذیر احمد اصلاحی، مولانا اشفاق ربانی، چودھر ی خضر حیات، پروفیسر راجا نصیر، سردار فیاض احمد خان، خواجہ ریاض، مختار علی خان، افتخار انجم میر، اسد مبارک، مدثر نذیر سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نثار احمد شائق نے کہا کہ 25 اگست سے بھمبر سے کشمیر بچائو مارچ کا آغازکیا جو کہ نیلم سے ہو کر آج عباس پور پہنچ چکا ہوں‘ عزم آزادی کارواں چلایا جائے گا اور21 ستمبر کو مظفرآباد سے بڑے قافلے کی صورت میں چکوٹھی سیز فائر لائن کو روند ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اظہار یکجہتی سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات اٹھائیں‘ آخری کشمیر ی کے مرنے کا انتظار نہ کریں‘ ریاست پاکستان امن افواج کو مقبوضہ کشمیر میں بھیجے اور مودی کے مظالم رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی کوئی مجبوری ہے تو وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فارو ق حیدر خان کے1947ء کے انقلابی رول کو بحال کریں‘ حکومت جے آئی یوتھ کے نوجوانوں کو اسلحہ فراہم کرے‘ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی مدد کریں گے۔