کشمیربھارت کا اندورنی مسئلہ نہیں  عالمی تنازع ہے،وزیر خار جہ

182

ملتان (صباح نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دنیا27 ستمبر کو دیکھے گی وزیراعظم اور کشمیر کے سفیر عمران خان کس طرح اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ پیش کرتے ہیں۔ملتان میں متعدد منصوبوں کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا
کہ عمران خان خود اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں جارہے ہیں اور ان کا خطاب دنیا دیکھے گی اور پوری قوم سنے گی۔ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سے متعلق پہلی مرتبہ 1948 ء میں قرارداد آئی اورا س کے بعد یکے بعد دیگرے متعدد قرارداد آئیں۔ان کا کہنا تھا کہ54 بر س کے دوران حکومتیں آتی اور جاتی رہیں لیکن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر نہ اٹھ سکا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ1965 ء کی جنگ کے بعد پہلی مرتبہ کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل میں زیر بحث آیا۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بیان دیا کہ یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں، چارٹر اورعالمی قوانین کے مطابق حل ہوناچا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں مسئلہ کشمیر عالمی نوعیت کا معاملہ بن چکا ہے اور دنیا کے دار الحکومتوں میں بحث ہورہی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ میں نے جنیوا کی انسانی حقوق کونسل میں مسئلہ کشمیر پر بات کرکے بھارت کا اصلی چہرہ بے نقاب کیا اور بتایا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کو اندورنی معاملہ قرار دے کر عالمی برادری سے غلط بیانی کررہا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مغربی ممالک کے میڈیا نے کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کیا اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ یہ اندورنی مسئلہ نہیں بلکہ عالمی تنازع ہے جو حل طلب ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ اور اخبارات کی اشاعت کا سلسلہ بھی معطل ہے،کرفیو کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیاہے۔