کشمیر کی صورتحال، لیاقت بلوچ کی بلاول، شہباز، صادق سنجرانی سے ملاقاتیں

213

 

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں لیڈر آف اپوزیشن میاں شہبازشریف ، پی پی چیئرمین بلاول زرداری ، اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی ، جے یو آئی کے مرکزی رہنما مولانا عبدالغفور حیدری ، سینیٹ چیئرمین صادق سنجرانی اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام محمد کمال خان سے ملاقات کی اور ملکی حالات ، کشمیر ، قومی وحدت و یکجہتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کے ظلم اور بدترین کرفیو میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کے مقابلہ کے لیے ناگزیر ہے کہ ملک کے
اندر سیاسی اقتصادی استحکام لایا جائے اور سفارتی محاذ پر موثر اور یکسو سفارتی مہم چلائی جائے ۔ وزیراعظم عمران خان کے کندھوں پر یہ قومی ذمے داری ہے کہ قومی اتفاق رائے کے ساتھ قومی کشمیر پالیسی بنائی جائے ۔ افغانستان کے بدلتے حالات میں بھی پوری قوم کا متحد ہونا ضروری ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ہر حکومت کے ترجمانوں کا انجام ایک جیسا ہی ہے ۔آپے سے باہر ہو کر بد زبانی ، بد کلامی اور بیانیہ کی شدت و انتہا پسندی کا وہ خود تو شکار ہو جاتے ہیں لیکن سیاست میں بری روایات اور سیاسی شدت کو فروغ مل رہاہے ۔ حکومتی ترجمان میڈیا ٹاک سے نہیں عوامی فلاح کے پروگراموں سے ہی اپنا مقام بناسکتے ہیں ۔عوام بھوک ، افلاس ، بے روزگاری اور بد انتظامی کاشکار ہو تو کوئی ترجمان حکومت کی بیساکھی نہیں بن سکتا ۔ حکومت ترجمانوں یا مشیروں کی بجائے اپنی کابینہ اور منتخب نمائندوں پر اعتماد کرے ۔ اسمبلیوں کو عوامی مسائل کے حل کا مرکز بنائے ۔