عوامی حکومت ہی پاکستان کے مسائل حل کرسکتی ہے، بلاول بھٹو

218

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا  ہے کہ عوامی حکومت ہی پاکستان کے مسائل حل اور اسے ترقی کی راہوں پر گامزن کرسکتی ہے۔

جمہوریت کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جمہوریت ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، جمہوریت کا مطلب طاقت کا سرچشمہ عوام ہے، 1973 کے متفقہ دستور کا دوسرا نام جمہوریت ہے، عوام کی حقیقی منتخب حکومت کی عدم موجودگی جمہوریت نہیں کہلائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حقیقی جمہوریتیں شہریوں کے ٹیکسز سے حاصل ہونے والی آمدنی عوام ہی کے حقوق غضب کرنے پر نہیں لٹاتیں، ایک عوامی حکومت ہی پاکستان کے مسائل کو حل اور اسے ترقی کی شاہراہوں پر گامزن کرسکتی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے سیاسی،معاشرتی، معاشی، سفارتی اور دیگر محاذ پر جتنی پیش قدمیاں کیں وہ ملکی تاریخ کا روشن باب ہے ، قائداعظم کے بعد قائدِ عوام نے پاکستان میں جمہوریت کی آبیاری کے لئے اقدامات اٹھائے، شہید بی بی نے جمہوریت کی خاطر اپنی جان کی قربانی دی، آصف علی زرداری کو شہید بھٹو اور شہید بی بی کے جمہوری ویژن کی حفاظت کی پاداش میں قید کیا گیا۔