عمرہ ویزے کیسے حاصل ہوں گے؟ نیا نظام آگیا

1107

سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے عمرہ ادائی کے لیے ویزے اب آن لائن جاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق عمرہ کے خواہش مند معتمرین کو آئندہ عمرہ پیکج فیس اپنے ملک میں ہی ادا کرنی ہو گی۔

وزارت حج وعمرہ کے مطابق تمام کمپنیوں اور اداروں کو عمرہ ویزے آن لائن جاری کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ نئی ہدایات کے تحت عمرہ زائرین کو پہلے سعودی عمرہ کمپنی کے غیر ملکی ایجنٹ اور پھر عمرہ پیکج کا انتخاب کرنا ہو گا۔ عمرہ پیکیج مطلوبہ خدمات اور سعودی عرب کے دوطرفہ ٹکٹ نمبر پر مشتمل ہو گا۔

غیر ملکی ایجنٹ عمرے کے خواہش مند متعمرین کے کوائف کا اندراج کریں گے۔ نیا فارم بھریں گے اور تمام دستاویزات عمرہ کمپنی کو ارسال کی جائیں گی ۔عمرہ کمپنی امیدوار کی درخواست قبول یا مسترد کرنے کی مجاز ہو گی۔

سعودی وزارت حج وعمرہ کی ہدایت کے مطابق درخواست قبول کرنے کی صورت میں عمرہ امیدوار غیر ملکی ایجنٹ کے لئے مقرر کردہ بینک اکاﺅنٹ کے ذریعے عمرہ پیکج کی رقم آن لائن ادا کرے گا۔

اس کے بعد درخواست دہندہ کو دفتر خارجہ سے رابطہ کے لئے نمبر دیا جائے گا۔ امیدوار اس نمبر کے ذریعے ویزے کے اجراء کی کارروائی مکمل کرے گا۔ دفتر خارجہ درخواست کی منظوری کی اطلاع ملنے پرعمرہ سسٹم کے ذریعے ویزے کا اجراء کر دیا جائے گا۔