دو جماعتوں کے اخباری بیانات ان کی مجبوری ہے،حافظ حسین احمد

125

کوئٹہ (آن لائن)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد نے کہاہے کہ دو بڑی جماعتوں کے اخباری بیانات ان کی مجبوری ہے، ن لیگ کی قیادت نے جیل سے مثبت پیغام بھیجا، توقع ہے پاس رکھا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سے تعلق رکھنے والی جماعتوں کے مخلص ورکرز اور عہدیداروں کا ہر جگہ جے یو آئی کے ذمے داروں سے رابطہ ہے اور وہ جمعیت علما اسلام کے آزادی مارچ میں بھرپور شرکت اور تعاون کی یقین دہانی کرارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی قیادت نے جیل سے مثبت پیغام بھیجا ہے اور ہمیں توقع ہے کہ باہر کی قیادت بھی اس کا پاس رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بعض رہنما صاف چھپتے بھی نہیں اور سامنے آتے بھی نہیں، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں آئین کے دفعہ 149کا سہارا لے کر اگر مداخلت کی گئی تو یہ وفاق کے لیے خود خطرناک ثابت ہوگا اور شاید اپوزیشن کے مکمل اتحاد اور ہم آہنگی کا موجب بنے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا آزادی مارچ مکمل پرامن اور باوقار ہوگا، ماضی کے دھرنوں جن میں ناچ گانے اور گالیاں تھیں سے مختلف ہوگا ان میں تلاوت اور ذکر الہی کے ساتھ شرکا وقار اور پر امن انداز میں شریک ہوں گے۔
حافظ حسین احمد