بلاول وفاق پر یقین رکھتے ہیں، سندھو دیش کی بات نہیں کی، ناصر حسین شاہ

111

کراچی(نمائندہ جسارت) صوبائی وزیر بلدیات، ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ، جنگلات و مذہبی امور سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بلاول زرداری نے سندھو دیش کی بات نہیں کی، ان کے حوالے سے غلط پروپیگنڈا کیا جارہا ہے وہ وفاق پر پورا یقین رکھتے ہیں، وہ چاروں صوبوں کی زنجیر شہید بے نظیر بھٹو کے صاحبزادے ہیں کبھی بھی اس قسم کی باتیں نہیں کرسکتے ۔ جمعہ کو سندھ اسمبلی میں میڈیا کارنر پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر بلدیات نے کہا کہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی پارٹی کے سینئر رہنما ہیں ، قیادت کو ان پر پورا یقین ہے، ان سے منسوب تمام باتیں من گھڑت اور گمراہ کن ہیں۔ اس وقت سرحدوں پر جو حالات ہیں انکے تناظر میں تمام سیاستدانوں کو ملکی یکجہتی ، بھائی چارگی اور پاک فوج کی ہمت اور حوصلہ بڑھانے والی باتیں کرنا چاہییں ۔ پی ٹی آئی والے اپنی نااہلی کو چھپانے کے لیے الٹی سیدھی باتیں کررہے ہیں، جی ڈی اے کو سلام کرتے ہیں جنہوں نے فروغ نسیم کی باتوں سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے اور اس حوالے سے پیر پگاڑا کے شکرگزار ہیں۔ فروغ نسیم ایم کیو ایم کی ذہنیت سے بات کررہے ہیں اور جلد ہی کمیٹی کی سربراہی سے انہیں فارغ کردیا جائے گا۔ فروغ نسیم جس کمیٹی میں شامل ہونگے پیپلز پارٹی ہرگز اس کمیٹی میں شریک نہیں ہوگی۔
ناصر حسین شاہ