سی پیک کو وسعت دینے میں کامیاب ہو گئے ہیں‘ مخدوم خسرو بختیار

98

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار کی زیر صدارت چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں کا 58 واں جائزہ اجلاس جمعے کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اقتصادی راہداری پاکستان کیلئے ایک اہم منصوبہ ہے جو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ثابت ہو گا۔ اجلاس میں چین کے سفیر یاو جنگ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر محمد جہانزیب خان، سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت چینی حکومت کی مشاورت سے سی پیک کے دائرہ کار کو وسعت دینے میں کامیاب ہو گئی ہے جس میں اب دوسرے شعبہ جات بشمول سماجی و معاشی ترقی، غربت کا خاتمہ، زراعت اور صنعتی تعاون پر توجہ دی جائے گی۔ اس موقع پر چینی سفیر یاو جنگ نے کہا کہ سی پیک منصوبہ صحیح سمت کی جانب گامزن ہے اور یہ منصوبہ دوسرے منصوبوں سے مختلف ہے کیونکہ یہ2 دوست ممالک کے مابین دیرینہ دوستی کا مظہر ہے جس سے پاکستان میں خوشحالی اور ترقی آئے گی۔ اجلاس میں مختلف منصوبوں پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا۔
مخدوم خسرو بختیار