فلسطین تا کشمیر اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں پر حملہ آور ہیں،حسین محنتی

143

کراچی(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ آج فلسطین سے لے کر کشمیر تک اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں پر حملہ آور ہیں، اتحاد امت وقت کی ضرورت ہے، مسلم امہ کو معمولی اختلافات سے بالاتر ہوکر اپنے اتحاد و یکجہتی کے ذریعے اسلام و مسلمانوں کیخلاف ہونے والی سامراجی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔جمعیت طلبہ عربیہ دینی مدارس میں پڑھنے والی وہ تنظیم ہے جو
مسالک سے بالاتر ہوکر اتحاد امت کی داعی اور اقامت دین کی ہونے والی جدوجہد میں ہراول دستے کا کام کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا آڈیٹوریم میں منتظم جمعیت طلبہ عربیہ سندھ حافظ نعیم اللہ منگریو کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ قیم صوبہ کاشف سعید شیخ اور سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی اس موقع پر موجود تھے۔منتظم صوبہ نے یوم تاسیس کے پروگرامات ، یکجہتی کشمیر مظاہروں اور دیگر دعوتی وتنظیمی رفتارکار سے صوبائی امیر کوآگاہ کیا۔محمد حسین محنتی نے مزید کہاکہ دینی مدارس اسلام کے قلعے اور ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے محافظ ہیں مگر آج حکمران غیروں کے اشاروں پر جہاد کو گالی بنادینے کے بعد دینی مدارس کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کرکے بدنام کر رہے ہیں،دینی مدارس کے خلاف کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
حسین محنتی