کلثوم نواز نے مشرف کی آمریت کیخلاف آواز حق بلند کی، معراج راجپوت

135

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ نواز میرپورخاص ڈویژن کے جنرل سیکرٹری آصف معراج راجپوت نے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز قائداعظم کے جمہوری پاکستان کی تکمیل کی جہدوجہد کرنے والے قافلے کی نمایاں رہنما تھیں، جنہوں نے مشرف کی آمریت کے خلاف آواز حق بلند کی اوربھرپور جہدوجہد کی اور اس جہدوجہد کے ثمر میں قوم کو جمہوری رواداری کا سبق میثاق جمہوریت ملا جس پر جمہوری پاکستان تکمیل کی جہدوجہد کے دوعظیم رہنماؤں نواز شریف اور بینظیر بھٹو کے دستخط موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیگم کلثوم نواز کی پہلی برسی کے موقع پر دارالعلوم کنزایمان رضویہ اسٹیشن پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی زندگی بھی ایک مثال تھی، جن کا انتقال بھی تاریخ کے صفحات کو سرخ کرگیا، مادر جمہوریت نے بطور بیوی، بطور ماں ایک مثالی زندگی بسر کی، آمریت کیخلاف مشرف جیسے ڈکٹیٹر کے سامنے جمہوریت کی جنگ لڑی۔ برسی کی تقریب سے سندھ کے جوائنٹ سیکرٹری چودھری سجاد احمد نے کہا کہ مادر جمہوریت کلثوم نواز نے دور آمریت میں جمہوری بقا کی جنگ لڑی، پارٹی کو سنبھالا، جبری نظر بندی کو برداشت کیا لیکن آمریت کے آگے ڈٹ گئیں اور جمہوریت کا علم بلند رکھا۔