حیدرآباد:شہریوں کا کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلیے ریلی ومظاہرہ

115

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد پریس کلب پر مختلف تنظیموں کی جانب سے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلیے ریلیاں نکالی گئیں۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور خواتین کو زیادتیوں کا نشانہ بنائے جانے کیخلاف کشمیر وومن فورم کی جانب سے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے خواتین اور بچوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا ، بھارتی حکومت کی مخالفت میں نعرے بازی کی۔اس موقع پر مظاہرین پلے کارڈ اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر بھارت کشمیر سے نکل جائو، کشمیر بنے گا پاکستان ، پاکستان کا مطلب کیا کے نعرے درج تھے ۔ اس موقع پر خواتین مظاہرین کا کہنا تھا کہ کشمیر میں مسلسل 40 روز سے کرفیو کے باعث وہاں رہنے والے کشمیریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔ بھارتی حکومت اور افواج کشمیر میں مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہی ہے ، اگر یہ سلسلہ نہ رکا تو پھر کشمیر میں اموات شروع ہوجائیں گی ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر پر قابض بھارتی افواج خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنارہی ہے ، ان کیخلاف جنگی جرائم کے تحت مقدمات درج کیے جائیں۔پاکستان تحریک انصاف حیدرآباد کی جانب سے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلیے اور بھارتی مظالم کیخلاف ریلی نکالی جس کی قیادت شاہد خان، بلال ناغڑ، عادل شیخ اور دیگر کررہے تھے۔ ریلی میں شریک پی ٹی آئی کے کارکن بھارتی مظالم کیخلاف سخت نعرے بازی کررہے تھے اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کر رہے تھے کہ بھارتی فوج کو کشمیری عوام پر وحشیانہ تشدد اور مظالم سے روکا جائے۔