حیدرآباد کمشنر سٹی کا تجاوزات کیخلاف آپریشن کیلیے سیاسی دباؤ مسترد

132

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد ارباب ابراہیم نے کئی ماہ سے معطل انسدادتجاوزات آپریشن کیلیے اثررسوخ ،سیاسی دبائو،غنڈہ گردی کو مسترد کردیا،سرکاری اراضی واہ گزار کرانے کیلیے پیمائش کرنے والے ریونیواوربلدیہ افسران کو دھمکیوں اورکارروائی نہ کرنے دینے کے بعد اسسٹنٹ کمشنرپولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ وہاں پہنچ گئے ،بلدیہ اورریونیو عملے نے پیمائش کا عمل مکمل کرلیا،سرکاری اراضی واہ گزار اورسڑک پر قائم غیرقانونی تجاوزات مسمار کرنے کیلیے کسی بھی بڑا انسداد تجاوزات آپریشن کیاجائیگا۔تفصیلات کے مطابق فرسٹ سینئرسول جج حیدرآباد کی عدالت نے کھوکھرمحلے میں واقع مسجد ودرگاہ محبت شاہ بخاری سے متصل بلدیہ کی قیمتی اراضی اورسڑک پر قبضہ کرکے کی گئی تعمیرات کو غیرقانونی قراردیتے ہوئے مذکورہ اراضی کو واہ گزار کرانے کیلیے 27-03-2007کو احکامات دیے تھے ،جس کے بعد مذکورہ ڈکری بھی جاری کی تھی مگر 12سال گزرنے کے باوجود بلدیہ عملہ بااثر قابضین کی شدید مزاحمت ،سیاسی دبائو،غنڈہ گردی اورڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے عدم تعاون کے باعث عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے ،جبکہ بااثر لینڈمافیا کی جانب سے مختلف عدالتوں میں معاملے کو الجھانے کی کوششیں کی گئی مگر کسی عدالت کی جانب سے حکم امتناعی جاری نہیں کیاگیا اورنہ ہی فرسٹ سینئرسول جج حیدرآباد کے فیصلے کو کالعدم کیاگیا،جمعہ کے روز اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد ارباب ابراہیم کے احکامات کی روشنی میں ریونیواوربلدیہ لینڈڈپارٹمنٹ کاعملہ مذکورہ اراضی پر قبضے اورسڑک پر قائم تجاوزات ختم کرنے کیلیے ممکنہ کارروائی سے قبل پیمائش کرنے پہنچاتو بااثر قابضین نے آفتاب چنا نامی شخص کی سرکردگی میں شدید مزاحمت کرنے ہوئے عملے کو کارروائی نہیں کرنے دی اورسنگین نتائج کی دھمکیاں دیں جس کے بعد عملہ پیمائش کا عمل مکمل کیے بغیروہاں سے چلا گیا،جس کا اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد ابراہیم ارباب نے سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔اس موقع پر آفتاب چنا نامی شخص نے بعض دستاویزات دکھاتے ہوئے پیمائش روکنے کی کوشش کی ،جس پر انہوں نے سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے عملے کو پیمائش مکمل کی ہدایت کی اوراپنی نگرانی میں پیمائش کا عمل مکمل کرایا۔اس موقع پر ایس ایچ اوسٹی طاہر مغل بھی موجود رہے ۔واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال بلدیہ اینٹی انکروچمنٹ سیل کے عملے نے مذکورہ اراضی واہ گزار کرانے اورغیرقانونی تجاوزات ختم کرنے کے خلاف کارروائی کرنے کی کوشش کی تھی جس پر بااثر قابضین کے غنڈہ عناصر نے عملے پر فائرنگ کرکے کارروائی نہیں کرنے دی تھی ،جس کے خلاف بلدیہ حکام کی جانب سے تھانہ سٹی پر انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعات کے تحت ملزمان آفتاب چنا ،نیازحسین چنا ،اعجاز چنا عرف ایجو سمیت دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی تھی ،مگر تاحال بلدیہ عملہ سٹی کے مرکزمیں واقع سرکاری اراضی واہ گزار کرانے میں کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔