بیٹے کو سرکاری نوکری فراہم کرکے بے روزگاری سے بچایا جائے، مٹھو منگھار

131

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ماتلی کے رہائشی اور پیپلز پارٹی کے دیرینہ کارکن مٹھو منگھار نے اپنے بیٹے کی نوکری کے لیے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کے حیدرآباد پریس کلب آنے کے دوران ڈھول بجا کر انوکھا احتجاج کیا جبکہ اس دوران پیپلز پارٹی چیئرمین سمیت پی پی کے کسی بھی رہنما نے مٹھو منگھار سے ملاقات نہیں کی اور ان کے احتجاج کو نظر انداز کردیا۔ مٹھو منگھار نے کہا کہ وہ سندھ کا لوک فنکار ہے اور میں نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کے جلسوں میں جئے بھٹو کے گیت پیش کرکے بھرپور داد حاصل کی لیکن اب ضعیف ہونے کے سبب گھر کا گزر بسر چلانا مشکل ہوگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا ایک بیٹا تعلیم یافتہ ہے جس کی سرکاری نوکری کے لیے میں نے پیپلز پارٹی کے کئی وزرا سے ملاقات کرکے بیٹے کو سرکاری نوکری فراہم کرنے کے لیے گزارش کی ہے لیکن اب تک میری کوئی شنوائی نہیں ہوئی جس کی وجہ سے میں احتجاج پر مجبور ہوں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے اپیل کی کہ میرے بیٹے کو سرکاری نوکری فراہم کرکے بے روزگاری سے بچایا جائے۔