نیب نے مریم نواز کیلیے گھرکے کھانے پرپابندی عاید کردی

145

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) نیب نے ن لیگ کی نائب صدر مریم نوازکیلیے گھرکے کھانے پر پابندی عائد کردی۔ نیب نے مریم نواز کیلیے گھر سے لایا گیا کھانا لینے سے انکار کردیا۔ سینئر صحافی طلعت حسین نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں خبر دی کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کیلیے نیب نے گھر کے کھانے پر پابندی عائد کردی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مریم نواز پر گھر کا کھانا بند کر دیا گیا ہے۔ نیب حکام نے مریم نواز کیلیے لایا گیا کھانا لینے سے انکار کر دیا۔واضح رہے احتساب عدالت نے چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی۔احتساب عدالت کے جج امیر محمد خان نے چودھری شوگر ملز کیس کی سماعت کی، جہاں مریم نواز اور یوسف عباس کو نیب کی جانب سے پیش کیا گیا۔اس دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ اپنے قائدین سے اظہار یکجہتی کے لیے لیگی رہنما عدالت پہنچے تھے، تاہم غیر متعلقہ افراد کا جوڈیشل کمپلیکس میں داخلہ بند کر دیا گیا تھا۔لیگی رہنما پرویز رشید ، جاوید ہاشمی ، کیپٹن (ر) محمد صفدر ،نہال ہاشمی سمیت دیگر بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ لیگی رہنما خواجہ سعدرفیق نے بھی کمرہ عدالت میں مریم نواز سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔دوران سماعت مسلم لیگی رہنمائوں کے وکیل اور نیب پراسیکیوٹر میں سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔تاہم اسی دوران نیب پراسیکیوٹر نے ملزم مریم نواز کے جسمانی ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کی استدعا کی۔بعد ازاں عدالت نے تمام فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر جسمانی ریمانڈ سے متعلق استدعا پر فیصلہ محفوظ کیا جسے کچھ دیر بعد سناتے ہوئے مریم نواز اور یوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے 18ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔
مریم نواز