کشمیری ایل او سی رونددینگے،فاروق حیدر۔مودی کرفیو اٹھاؤ پھر تماشا دیکھو،شاہ محمود

142

مظفر آباد(آن لائن)وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے کہا ہے کہ کشمیری عوام ایل اوسی روند کرکراس کرنا چاہتے ہیں، مقبوضہ کشمیرمیں40 روزسے کرفیو نافذ ہے، ہمیں اپنے پیاروں کی کوئی خبر نہیں،کشمیری قیادت ایک پیج پر ہے، بھارت اگردوطرفہ مذاکرات کی دعوت دے تواس جھانسے میں نہیں آنا،اس میں کشمیریوں کا مسئلہ ایک سائیڈ پر چلاجائے گاجبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مودی کرفیو اٹھائو پھر تماشا دیکھو۔مظفر آباد میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے کہا کہ پاکستان نے کشمیر ایشو سے متعلق جو اقدامات اٹھائے ہیں ان کے لیے حکومت کے شکرگزار ہیں، آج 40وں روز ہے اور بھارت نے کرفیو نافذ کررکھا ہے۔ ہمیں اپنے پیاروں کی کوئی خبر نہیں ہے۔کشمیریوں کو ذلت کی زندگی گزارنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔آرٹیکل 370 کے بعد شملہ معاہدے کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔شملہ معاہدہ اپنی موت آپ مرچکا ہے۔ مودی ہمارے حوصلے کو توڑ نہیں سکتا، محرم کا مہینہ ہے امام حسین ؓکی قربانی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ ظلم کے آگے سرنہیں جھکانا۔ وزیراعظم سے عرض کرتا ہوں کہ کشمیری اپنا حق ملنے تک اپنی
جدوجہد جاری رکھیں گے۔ آج کشمیری عوام ایل اوسی کو روند کرکراس کرنا چاہتے ہیں، آزاد کشمیر کی قیادت ایک پیج پر ہے۔بھارت اگر دوطرفہ مذاکرات کی دعوت دے تواس جھانسے میں نہیں آنا۔ دوطرفہ مذاکرات اسٹیٹس کے لیے ہے، اس میں کشمیریوں کا مسئلہ ایک سائیڈ پر چلا جائے گا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی کیا تم سرینگر میں خطاب کرسکتے ہو؟ مظفرآباد میں موبائل فون سروس بحال ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں کیوں موبائل سروس بند ہے؟ آزاد کشمیر میں کوئی سیاسی قیدی نہیں ہے۔بھارت دعویٰ کررہاہے کہ مذہبی آزادی ہے، لیکن مقبوضہ کشمیر میں عاشور کا جلوس نہیں نکلنے دیا گیا، کیا دنیا نے نہیں دیکھا کہ مقبوضہ کشمیر میں عید اور جمعہ کی نمازیں نہیں پڑھنے دی جاتیں،مساجد کو تالے لگا دیے جاتے ہیں۔ کشمیر میں 10لاکھ فوجیوں کو کیوں تعینات کیا گیا؟ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ میں جائیں گے اور کشمیریوں کا مقدمہ بھرپورانداز میں پیش کریں گے۔
شاہ محمود قریشی