مصباح کے کہنے پر احمد شہزاد، عمر اکمل کے فٹنس ٹیسٹ

122

لاہور(آئی این پی)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر بعض کھلاڑیوں کے بارے میں سخت گیر موقف رکھتے تھے، احمد شہزاد اور عمر اکمل کے ناموں کے سامنے انہوں نے لکیر کھینچ دی تھی لیکن پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کسی کھلاڑی کو نظر انداز کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا نہیں ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ احمد شہزاد اور عمر اکمل کو مصباح کے کہنے پر قومی اکیڈمی بلاکر ان کی فٹنس جانچنے کی کوشش کی گئی ہے، دو دن پہلے دونوں کے قومی اکیڈمی میں فٹنس ٹیسٹ لیے گئے، عمر اکمل ون ڈے ٹیم میں جگہ بناسکتے ہیں، اس کا انحصار ان کی فارم اور فٹنس پر ہوگا۔احمد شہزاد پہلے سے زیادہ فٹ ہیں لیکن عمر اکمل بظاہر سپر فٹ دکھائی نہیں دے رہے ہیں، تاہم وہ اپنے بڑے بھائی کامران اکمل کے ساتھ فٹنس پر کام کر رہے ہیں۔احمد شہزاد اور عمر اکمل کی اگر قومی ٹیم میں واپسی ہوتی ہے تو وقار یونس کی موجودگی میںصورتحال دلچسپ ہوجائے گی۔2016 میں وقار یونس نے دونوں کرکٹرز کیخلاف منفی رپورٹ دی تھی پھر خود مستعفی ہوگئے تھے۔