فخر زمان فٹ ، قائداعظم ٹرافی کے لیے دستیاب ہوں گے

67

لاہور (جسارت نیوز )بائیں ہاتھ کے اوپننگ بلے باز فخر زمان کو فٹ قرار دے دیا گیا ہے اور وہ آج سے شروع ہونے والے قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے لیے دستیاب ہوں گے۔فخر زمان گزشتہ ماہ پری سیزن کیمپ میں دائیں گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہو گئے تھے۔ پری سیزن کیمپ کے پہلے ہفتے میں فخر زمان نے فزیکل فٹنس کے لیے کیے جانے والے ڈرلز اور سیشنز میں حصہ لیا لیکن وہ تربیتی کیمپ میں شریک نہ ہو سکے۔ اس دوران فخر زمان کا اسکین کرایا گیا اور رپورٹ کی روشنی میں فخر زمان کو دس روز آرام تجویز کیا گیا۔مکمل آرام کے بعد فخر زمان کی انجری کا دوبارہ جائزہ لیا گیا جس کے بعد پی سی بی میڈیکل کمیٹی اور فزیو نے فخر زمان کو فٹ قرار دیا ہے اور انہیں ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لینے کی بھی اجازت دے دی ہے۔ فخر زمان خیبر پختوانخواہ ٹیم میں شامل ہیں اور نادرن ٹیم کے خلاف میچ کیلئے دستیاب ہوں گے۔ خیبر پختونخواہ اور نادرن کی ٹیمیں آج ایبٹ آباد میں مد مقابل ہوں گی۔
مصباح کی لیڈر شپ میں کام کرنے کا منتظر ہوں ، وقار یونس
اسلام آباد (جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے بولنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ وہ مصباح کی لیڈر شپ میں کام کرنے کے منتظر ہیں۔ایک انٹرویومیں وقار یونس نے کہاکہ وہ مصباح الحق کے ساتھ مل کر ایسا یونٹ بنانا چاہتے ہیں جو پاکستان ٹیم کو ٹاپ پر لے جائیگا، انہوں نے اپنی تقرری پر پی سی بی کا بھی شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ وقار یونس لاہور میں ہفتے سے شروع ہونے والی قائد اعظم ٹرافی کا میچ بھی دیکھیں گے۔واضح رہے کہ بولنگ کوچ لندن سے وطن واپس پہنچ گئے ہیں اور آئندہ چند روز میں اپنی سرگرمیوں کا آغاز کردیں گے۔