حکومت کشمیر پر قومی قیادت کو اعتماد میں لے کر پالیسی بنا ئے، لیاقت بلوچ

141

 

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی و سیکرٹری ملی یکجہتی کونسل پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے قومی اتفاق رائے سے ٹھوس قومی پالیسی بنائے ۔قومی قیادت کو آن بورڈ لیا جائے ۔مقبوضہ کشمیر پر نریندر مودی کاری وار کرچکا ہے ۔چند عالمی اجلاسوں میں کامیابی کے پرچم لہرانے سے مسئلہ کشمیر اورگمبھیر ہورہا ہے ۔ صدرپاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے صدارتی خطاب میں فیڈریشن کے سربراہ کے بجائے پی ٹی آئی کے لیڈر کی حیثیت سے جلسہ عام سے خطاب کیا۔ریاست مدینہ کے اصولوں سے انحراف کی نشاندہی بھی نہیں کی ۔صدر حکومت کی بلا جواز تعریفوں کے پل باندھیں
گے تو عوام میں مایوسی بڑھے گی۔جماعت اسلامی پاکستان کے مرکز منصورہ لاہور سے جاری اپنے ایک بیان میںلیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ عمران خان سرکار سیاسی ،جمہوری ،پارلیمانی اور آئینی حدود توڑ رہی ہے ۔یہ طرز عمل آئینی ،سیاسی جمہوری اور پارلیمانی عمل کے خلاف ہے ۔اپوزیشن کو دیوار سے لگایا جارہا ہے ۔میڈیا قدغن کا شکا رہے ۔ قومی امور پر اتفاق رائے کے بجائے کھلنڈرا پن ہے ۔ فاضل ججوں کو زیر کرنے کی سازش کے بعد اب الیکشن کمیشن کو فتح کیا جارہا ہے ۔الیکشن کمیشن نہیں کشمیر فتح کرو۔چیف الیکشن کمشنر کے خلا ف جوڈیشل ریفرنس کا عندیہ صریحاً آمرانہ اور غیر جمہوری رویہ ہے ۔ممبران الیکشن کمیشن کے آئین کے مطابق تقرر میں ناکامی پر مزید غیر آئینی اقدامات رسوائی کا سودا ہیں ۔