سانحہ بلدیہ فیکٹری: مالکان کا وڈیو لنک بیان لینے کیخلاف درخواست مسترد

122

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں فیکٹری مالکان کا وڈیو لنک کے ذریعے بیان قلم بند کرنے کے فیصلے کیخلاف مرکزی ملزم رحمان بھولا کی اپیل مسترد کردی۔جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس شمس الدین عباسی پر مشتمل 2 رکنی بینچ کے روبرو سانحہ بلدیہ کیس میں فیکٹری مالکان کا وڈیو لنک کے ذریعے بیان قلم بند کرنے کے فیصلے کیخلاف مرکزی ملزم رحمان بھولا کی اپیل کی سماعت ہوئی۔ مرکزی ملزم رحمان بھولا کے وکیل نے
موقف دیا کہ وڈیو لنک کی درخواست مدعی کے بجائے پراسیکیوشن نے جمع کرائی۔ عدالت نے ریمارکس دیے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ درخواست کس نے جمع کرائی۔ مرکزی ملزم رحمان بھولا کے وکیل نے موقف اپنایا کہ فیکٹری مالکان ابتدا میں ملزمان تھے وہ کیسے گواہ بن سکتے ہیں۔ عدالت نے آبزرویشن دی کہ آپ کے ان دونوں نکات سے اتفاق نہیں کرتے۔ کیس کے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ساجد محبوب شیخ نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ ارشد بھائلہ اور شاہد بھائلہ کے بیانات وڈیو لنک کے ذریعے قلمبند کرنا چاہتے ہیں۔ جان کے خطرے کے پیش نظر فیکٹری مالکان بیرون ملک گئے۔ 259 افراد کے زندہ جلنے کا بہت حساس کیس ہے۔ فیکٹری مالکان کا ملک میں آنا ان کی جانوں کے خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کیس میں معاونت حاصل کرنے میں کوئی حرج نہیں۔ فیکٹری مالکان کے بیانات وڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کیے جا سکتے ہیں۔ اگر فیکٹری مالکان کے بیانات وڈیو لنک کے ذریعے قلمبند ہو جائیں تو کوئی حرج نہیں۔ جسٹس صلاح الدین پنہور نے ریمارکس دیے ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم ابھی تک پرانے زمانے میں ہیں۔ کیا معلوم نہیں کی ہمارے ہاں مخالف فریق کے ساتھ کیا کیا جاتا ہے۔ وڈیو لنک کے ذریعے بیانات کو عام ہونا چاہیے۔کچھ مقدمات میں گواہوں کو تحفظ فراہم کرنا بہت ضروری ہے۔ سب کو معلوم ہے، ملک میں مدعی مقدمہ کا کیا حشر ہوتا ہے۔ یہ تو انتہائی خطرناک کیس ہے، وڈیو لنک کے ذریعے بیان کیوں نہیں کیا جاسکتا۔ عدالت نے بلدیہ فیکٹری کیس کے مرکزی ملزم رحمان بھولا کی اپیل مسترد کردی۔