معیشت کی بحالی کیلیے 17 اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کرلیا ، محمد میاں سومرو

124

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر و چیئرمین نجکاری کمیشن محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ معیشت کی بحالی کے لیے17 اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کرلیا‘ نجکاری سے متعلقہ اداروں میں جدید ٹیکنالوجی متعارف ہوگی اور حکومت کو ریونیو ملے گا اور روزگارکے نئے مواقع پیدا ہوںگے‘ پاکستان اسٹیل مل اور دیگر قومی اداروں کو مکمل طور پر فعال بنا کر ملکی معیشت کو بحال کیا جائے گا۔ جمعے کو ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پرائیویٹائزیشن پروگرام کی
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمد میاں سومرو نے کہا کہ آج کی تقریب کا مقصد ناصرف منتخب اداروں کی نجکاری کے لیے مالیاتی مشیروں کا انتخاب ہے بلکہ نجکاری کے قومی معیشت پر مثبت اثرات پر بھی بات کرنا ہے‘ نجکاری کے ذریعے خسارے میں جانے والے قومی اداروں میں ناصرف سرمایہ کاری کے بہتر مواقع ملیں گے بلکہ جدید ٹیکنالوجی اور کارپوریٹ سیکٹر کی بہترین صلاحیتوں کو متعارف کرا کر غربت کے خاتمے اور ٹیکس ریونیو کو بڑھانے میں مدد ملے گی‘ ہماری حکومت کی توجہ پاکستان اسٹیل ملز اور دیگر قومی اداروں کو مکمل طور پر فعال بنا کر پاکستان کو معاشی بحالی کی طرف گامزن کرنا ہے‘ ہم یقین دلاتے ہیں کہ نجکاری کا عمل مکمل شفاف، کرپشن سے پاک اور قانون کے عین مطابق ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے 17 قومی اداروں کی نجکاری پر کام شروع کردیا ہے۔