بلاول بینظیر بھٹو کے نہیں بانی ایم کیو ایم کے پیروکارہیں، حلیم عادل

139

کراچی(اسٹاف رپورٹر)تحریک انصاف سندھ کے صدراورسندھ اسمبلی میں پارلیانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ بابائے 18ویں ترمیم میاں رضا ربانی سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ اگر آرٹیکل 149 اتنا ہی غلط تھا تو بلاول کے نانا ذوالفقار علی بھٹونے کیوں آئین میں ڈالا، اس آرٹیکل کے تحت وفاق نے ڈائریکشن دینی تھی کہ حالات بہتر کیے جائیں جو ابھی تک نافذ نہیں کیا گیا ہے،بلاول زرداری نے اپنے بیان سے ثابت کر دیا ہے کہ وہ بینظیر بھٹو کے پیروکار نہیں بانی ایم کیو ایم کے پیروکار ہیں، بانی ایم کیو ایم نے
جناح پور کی بات کی تھی بلاول نے سندھو دیش کی بات کی ہے ،جانتے ہیں مضبوط صوبے مضبوط پاکستان کی ضمانت ہیں، جس نے سندھ کے خلاف بات کی جس نے پاکستان کے خلاف بات کی وہ ملک دشمن غدار ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے سندھ اسمبلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرسندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی بھی موجود تھے۔ حلیم عادل شیخ نے کہاکہ زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا تھا ہم سمجھ رہے تھے کہ زرداری پاکستان کو چاہتے ہیں ،اس نعرے کا مطلب اب سمجھ آیا ہے کہ انہوں نے پاکستان فروخت کرنے کا نعرہ لگایا تھا پوری سندھ پیپلزپارٹی نے فروخت کر دی ہے ،اومنی گروپ کو زرداری گروپ کو۔ اس وقت پاکستان مضبوط ہاتھوں میں پہاڑوں پر بھی جگہ نہیں ملے گی جو پاکستان نہ کھپے کا نعرہ لگائیں گے، صدر مملکت کی تقریر ہوئی اس کے دوران تماشا لگایا گیا پیپلزپارٹی ملک دشمن پارٹی ثابت ہوئی ہے جس طرح اسمبلی میں بات کی گئی ہے اس کو انڈیا کے چینل پر دکھایا گیا ہے ،نواز شریف نے بھی ملک دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ سندھ حکومت اپنی ناکامی اپنی نااہلی اس اشو کے پیچھے چھپانا چاہتی ہے ہم سندھ حکومت کے خلاف تحریک چلائیں گے احتجاج کریں گے ۔ بلاول اپنے بیان پر قوم سے معافی مانگیں۔