حکومت بلاول کے بیان سے ملک دشمنی ثابت کرکے دکھائے‘ شیری رحمن

131

اسلام آباد(صباح نیوز) پیپلزپارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن نے پارٹی کے چیئرمین کے بیان پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ردعمل پر جواب دیتے ہوئے حکومتی اراکین کو چیلنج کیا ہے کہ وہ بلاول زرداری کے بیان سے ملک دشمنی نکال کر دکھائیں، شاہ محمود قریشی نے بلاول کے بیان پر بغیر سنے تبصرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول زرداری نے سندھو دیش اور پختونستان کے تصورات کی مذمت کی۔ لہٰذا حکومتی ارکان پوری بات سننے کے بعد اپنی زبان کو زحمت دیا کریں۔ شیری رحمن کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے
18ویں آئینی ترمیم کرکے سندھو دیش اور پختونستان کا نعرہ لگانے والوں کو ختم کردیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی وفاق کی آواز ہے، سندھ اور خیبرپختونخوا میں علیحدگی پسند عناصر کے خلاف سب سے بڑی قوت ہے۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ حکومت سیاسی مخالفت میں ملک دشمنی کے الزامات پر اتر آئی ہے۔