معاشی اعتبار سے ملک تاریخ کے مشکل دور سے گزر رہا ہے، عارف علوی

261

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ معاشی اعتبار سے وطن عزیز اس وقت تاریخ کے مشکل دور سے گزر رہا ہے اور موجودہ حکومت کو کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ، بجٹ خسارہ اور گردشی قرضے ورثے میں ملے۔ محصولات کا بڑا حصہ قرضوں کی ادائیگی میں چلا جاتا ہے اور ترقیاتی کاموں کے لیے بہت ہی کم وسائل بچتے ہیں تاہم پچھلے مالیاتی سال کی نسبت درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافے کی وجہ سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں خاطرخواہ کمی ہوئی ہے۔بزنس مین گروپ کے جنرل سیکرٹری اے کیو خلیل اور کراچی چیمبر کے قائم مقام صدر خرم شہزاد سے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کے دوران، انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے اور ہمارے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی بہتری آرہی ہے ۔ فنانشیل ایکشن ٹاسک فورس، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ و دیگر ڈونر ایجنسیاں موجودہ حکومت کی جانب سے اُٹھائے گئے تمام تر اقدامات اور سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی مو ثرحکمت عملی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں جن کی بدولت ملک بھر میں ٹیکس گزاروں کی تعداد میںبہتری آئی ہے۔ ہمیں اُمید ہے کہ آنے والے دنوں میں سیلز ٹیکس کے رجسٹرڈ افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ جیسا کہ پچھلے دو ماہ کے دوران ریونیو میں بہتر ی آئی ہے لہذا توقع ہے کہ ایف بی آر اور وزارت خزانہ خسارے کو کم کرنے کے لیے کوئی منی بجٹ یا اضافی ٹیکس نافذ کرنے سے گریز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے قابل ستائش کردار ادا کر رہی ہے جسے ہم بے حد سراہتے ہیں اور اُمید کرتے ہیں کہ تاجر وصنعتکار برادری مثبت امیج اور پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع کو فروغ دینے کے لیے اپنی کوششیں اسی جذبے اور گرم جوشی سے جاری رکھیں گے جس سے یقینی طور پر زیادہ سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں حکومت پر زور دیا جائے گا کہ تاجر برادری کے نمائندوں کو فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کیا جائے۔ یہ تاجر برادری ہی ہے جو نہ صرف معاشی ترقی بلکہ دیگر شعبوں بالخصوص صحت و تعلیم کے شعبوں کی ترقی میںاہم کرادار ادا کررہی ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ دیگر شعبوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھی تاجر برادری اسی قسم کا کردار ادا کرے گی۔