میرپورخاص، بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا، شہریوں کا احتجاج

224

 

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) میرپورخاص میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا ، چار روز گزر جانے کے باوجود کئی علاقوں میں بجلی بحال نہ ہوسکی ، علاقہ مکین سراپا احتجاج بن کر سٹرکوں پر نکل آئے ، ٹائر نذر آتش ، ٹریفک جام کردیا ، نیا ٹرانسفارمر لگانے کے لیے پیسے طلب کیے جاتے ہیں پرانے ٹرانسفارمر میں زنگ آلود المونیم کی تاریں لگائی جاتی ہیں جو کہ چند گھنٹوں میں ہی دھماکے سے اُڑ جاتی ہے علاقہ مکینوں کا مؤقف۔تفصیلات کے مطابق میرپورخاص کے علاقے مغل اعظم ٹائون ، کھارپاڑ، سروری کالونی اور دیگر علاقوں میں بجلی کے ٹرانسفارمر خراب ہو گئے جنہیں چار روز گزر جانے کے باوجود بھی مرمت کر کے نہیں لگایا گیا جس کی وجہ سے ان علاقوں میں گزشتہ چار دن سے بجلی کی سپلائی معطل ہے اور علاقہ مکین شدید اذیت میں زندگی گزار رہے ہیں، بجلی کی مسلسل بندش اور ٹرانسفارمر دوبارہ نہ لگانے پر ان علاقوں کے مکین سراپا احتجاج بن کر سٹرکوں پر نکل آئے اور میرواہ روڈ،کھار پاڑہ روڈ ،مہاجر کالونی روڈ سمیت دیگر سٹرکوں پر ٹائر نذر آتش کر کے سٹرکوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا جس کی وجہ سے سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی۔ علاقہ مکینوں عبدالحمید ، اکبر ،سلیمان اور دیگر نے بتا یا کہ ان کے علاقوں میں آئے روز ٹرانسفارمر خراب ہونے کا مسئلہ پید ا ہوتا ہے جس کی وجہ سے ٹرانسفارمر میں استعمال ہونے والی تانبے کی تار کے بجائے المونیم کی تاریں استعمال کی جارہی ہیں جو چند گھنٹوں بعد ہی دھماکے سے اُڑ جاتی ہیں اور علاقوں میں دوبارہ بجلی کی فراہمی معطل ہو جاتی ہے ۔علاقہ مکینوں کا مزید کہنا تھا کہ حیسکو کا عملہ ان سے ٹرانسفارمر تبدیل کرنے یا مرمت کرنے کے پیسے طلب کیے جاتے ہیں نہ دینے کی صورت میں چار چار روز تک نہ ہی ٹرانسفارمر مرمت کیا جاتا ہے اور نہ ہی بجلی بحال کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے معصوم بچے اور بزرگ گھروں میں بے حال رہتے ہیں ،گھروں میں پینے کا پانی تک ختم ہو گیا ہے، علاقہ مکین دور دراز سے پینے کا پانی لاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے حیسکو میرپورخاص کے اعلیٰ افسران کو بھی کئی بار شکایت کی گئی مگر کوئی شنوائی نہیں ہوتی ہے۔ اس لیے ہمارے پاس سٹرکوں پر نکل کر احتجاج کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔ دوسری جانب شہر کے بیشتر علاقوں میں بھی غیر اعلانیہ لو ڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے میرپورخاص میں بجلی کا بحران شدید ہوگیا ہے ،عوام موجودہ حکومت سے سخت نالاں نظر آتی ہے۔ شہریوں کا کہا کہنا ہے کہ اگر یہ تبدیلی ہے تو ہمیں ایسی تبدیل نہیں چاہیے۔