سرکاری اسکولوں سے مفت تعلیم ختم کرنا غریب عوام پر ظلم ہو گا

161

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ سرکاری اسکولوں سے مفت تعلیم ختم کرنا غریب عوام پر ظلم ہو گا ۔ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے عوام دشمن اقدامات کرنے سے باز رہے ۔ کیئر فائونڈیشن کو سرکاری اسکولوں میں فیسیں وصول کرنے کا اختیار دینا حکومتی اداروں کی ناکامی ہو گی ۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں 6 اکتوبر کو کشمیر ملین مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں ضلعی عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد ، نائب امراء جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم ، اظہر بلال ، صدر جماعت اسلامی کسان ونگ لاہور میاں عبدالرشید ، صدر ریلولے پریم ورکشاپ محمد ارشد، ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور چوہدری محمود الاحدو دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ ذکراللہ مجاہد نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالنے کے بجائے مزید دھکیل رہی ہے ۔ حکومت اپنے پہلے ایک سال میں تمام شعبوں میں بری طرح ناکام رہی ہے جبکہ عوام میں مایوسی کا عنصر پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکا ہے ۔ مدینہ کی ریاست کا جھوٹا نعرہ لگانے والوں نے ملک کی غریب عوام کو دیوار کے ساتھ لگا دیا ہے ۔ غربت ، مہنگائی ، بے روزگار ی اور لاقانونیت کی وجہ سے غریب او ر سفید پوش عوام کی زند گی اجیرن بن چکی ہے اور ایسے میںاگر حکومت سرکاری اسکولوں میں مفت تعلیم ختم کردے گی تو غریب بچوں کیلیے پڑھائی کا خواب چکنا چور ہو جائے گا۔ پہلے ہی ملک کے لاکھوں بچے اسکولوں سے باہر تعلیم جیسی نعمت سے محروم ہیں۔ ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ ریاست کااولین فرض ہے کہ وہ عوام کو تعلیم و صحت کی سہولیات مفت فراہم کرے مگر بدقسمتی سے صحت کے حوالے سے سرکاری اسپتالوں کی حالت زار کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ، ایک بیڈ پر تین تین مریض علاج کروانے پر مجبور ہیں ، مفت ٹیسٹوں کی سہولیات کو ختم کر دیا گیا اور ادویات کی عدم فراہمی معمول کا حصہ بن چکی ہے اور اب سرکاری اسکولوں میں مفت تعلیم ختم کرنے کی قرار دادیں جمع ہونا شروع ہو گئی جو قابل شرم اور افسوسناک ہیں ۔ ذکر اللہ مجاہد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے کسی عوام دشمن اقدام کرنے سے باز رہے جس سے ملک کے غریب عوام کے بچے تعلیم جیسی نعمت سے محروم ہوں ۔