ترکی میںہولناک بم دھماکا‘ 7 افراد جاں بحق‘ 10 زخمی

106

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکی کے صوبہ دیار بکر میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق صوبہ دیار بکر کے گورنر دفتر سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ دھماکا جمعرات کی شام ضلع کلپ میں ہوا، جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے۔ دہشت گردی کا شکار ہونے والے افراد لکڑیاں جمع کرنے جا رہے تھے، امدادی ٹیموں نے دھماکے کے بعد زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔ گورنر دفتر نے دھماکے میں کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے ) کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔ حکام کے مطابق دھماکے کے فوری بعد سیکورٹی اہل کاروں نے علاقے کو حصار میں لے کر دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے آپریشن شروع کردیا جبکہ پولیس نے عوامی جمہوری پارٹی کے دو عہدیداروں کو حراست میں لیا ہے۔صدر اِردوان نے گورنر حسن بصری سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے واقعے سے متعلق تفصیلات معلوم کیں۔ واضح رہے کہ ترک صوبہ دیار بکر میں پہلے بھی دہشت گردی کے کئی واقعات رونما ہوچکے ہیں اور انقرہ حکومت نے کردستان ورکرز پارٹی کو دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے۔ پی کے کے تنظیم کے سربراہ عبداللہ اوکلان جیل میں قید ہیں۔