بھارت میں کشتی ڈوب گئی‘ 12 یاتری ہلاک

122

بھوپال (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت کی ایک مشہور جھیل میں کشتی غرق ہونے سے کم از کم 12 افراد ہلاک ہو گئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق یہ واقعہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کے قریب پیش آیا۔ کشتی پر سوار 20 سے 25 افراد ایک پوجا میں شریک تھے اور 2 کشتیوں کو جوڑ کر گنیش کی مورتی کو کھتلاپور گھاٹ سے جھیل میں چھوڑنے جارہے تھے۔ اس دوران دونوں کشتیاں وزن اٹھا نہ سکیں اور ڈوب گئیں۔ قومی آفتوں سے نمٹنے والے ادارے کے مطابق 12 لاشیں جھیل میں سے نکال لی گئی ہیں۔ جب کہ 6 افراد کو بچالیا گیا ہے۔ سواروں میں سے کسی نے بھی لائف جیکٹ نہیں پہنی ہوئی تھی۔ پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق حادثے کے بعد 4 کشتی بانوں اور 4 سرکاری افسران کو معطل کردیا گیا ہے۔ بھارت میں ہندو رواں ہفتے کے دوران گنیش دیوتا کے جنم دن کی تقریبات منا رہے ہیں۔ اس 10 روزہ سالانہ تہوار کا اختتام گنیش کی مورتیوں کے کسی دریا، نہر یا سمندر کے پانی میں ڈبونے سے ہوتا ہے۔ علاقے کی انتظامیہ کے ایک اہل کار تارن کمار پتھوڈے نے بذریعہ ٹیلی فون واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے مطلع کیا کہ 6 افراد بچ گئے جنہیں بچایا گیا یا وہ پیراکی کر کے کنارے تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔ پتھوڈے جائے وقوع پر موجود تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق پہلی کشتی ڈوبنے کے بعد افراتفری پھیل گئی اور اپنی جانیں بچانے کے لیے چند افراد نے دوسری کشتی پر چھلانگ لگانے کی کوشش کی۔ اسی اثنا میں دوسری کشتی بھی اپنا توازن برقرار نہ رکھ پائی اور پانی میں غرق ہو گئی۔ پولیس نے 2 کشتی چلانے والوں کو حراست میں لے لیا ہے۔