عثمان بزدار کی کارکردگی پر149استعمال کیاجائے‘پی پی خواتین

214

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کی صدر و ممبر قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی، جنرل سیکرٹری شاہینہ شیر علی اور سیکرٹری اطلاعات شاہینہ سعیدہ نے وفاقی حکومت کی کراچی کمیٹی، آرٹیکل 149 اور رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں نہ لانے پر اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت اپنے رویوں سے سندھ کے عوام میں انتشار پھیلا رہی ہے کراچی سندھ کا دل ہے سلیکٹڈ حکومت یہ سوچ بھی کیسے سکتی ہے کہ کراچی کو وہ وفاق کے حوالے کریں گے آرٹیکل 149 کے آڑ میں کراچی میں وفاق کی مداخلت اور سندھ پر میلی آنکھ رکھنے کی ہم مذمت کرتے ہیں کچھ ماہ پہلے وفاق نے سندھ کے تین بڑے ہسپتالوں پر قبضہ کیا تھا کہ ان ہسپتالوں کو وہ چلائیں گے مگر رواں سال کے بجٹ میں ان ہسپتالوں کے لیے کوئی فنڈ نہیں رکھا گیا اور پھر یوٹرن لیتے ہوئے یہ تینوں ہسپتال سندھ حکومت کو واپس کر دیے گئے۔ وفاقی حکومت مان کیوں نہیں لیتی کہ وہ نااہل و نالائق ہے پنجاب میں عثمان بزدار کی کارکردگی پر 149 استعمال کیوں نہیں کیا جا رہا سندھ کی کارکردگی باقی تمام صوبوں سے بہتر ہے سلیکٹڈ وزیراعظم اپنی اور اپنی سلیکٹڈ کابینہ کی کارکردگی پر نظر ڈالیں۔