کڈنی ہل پارک اربن فارسٹ پوائنٹ کی تعمیر کے لیے بہترین جگہ

61

کراچی(اسٹا ف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ 63 ایکٹر رقبے پر مشتمل کڈنی ہل پارک، اربن فارسٹ پوائنٹ کی تعمیر کے لیے بہترین جگہ ہے جہاں جنگل جیسی سہولیات پہلے ہی موجود ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اس پارک سے تجاوزات کا خاتمہ کر دیا ہے، دلچسپی رکھنے والے خواتین اور حضرات اس منصوبے میں تعاون کریں جس سے کراچی کے عوام کو بہترین تفریح گاہ ملے گی، تین سال نہرخیام کو ترقی دینے پر کام کیا‘ نہر خیام کے دونوں جانب بنچیں لگا کر اسے بھی تفریحی مقام بنایا جا سکتا ہے۔محدود وسائل میں یہی کوششیں جاری ہیں ، نوجوان مایوس نہ ہوں بلکہ سوشل میڈیا کے ذریعے مثبت کاموں کیلیے حکومت پر دبائو ڈالیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے نیشنل انکوبیشن سینٹر کے آڈیٹوریم میں طالب علموں اور نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر بلدیہ شرقی کے چیئرمین معید انور بھی موجود تھے۔ نیشنل انکوبیشن سینٹر کے ڈائریکٹر شاہ جہاں سمیت نوجوانوں نے کراچی کے مسائل کے حوالے سے میئر کراچی سے مختلف سوالات بھی کئے۔ میئر کراچی نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو اللہ نے بہت صلاحیت دی ہے اور اہلیت بھی۔ ہمارے نوجوان ملک اور شہر کی ترقی اور بہتری کے لیے جدوجہد کریں۔