وزیراعظم کا ایک اور یوٹرن: ترجمان وزیر اعلیٰ شہباز گل اور مشیر عون چودھری کو بر طرف کر دیا گیا

200

 

لاہور(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے ایک اور یوٹرن لے لیا۔ ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل اور مشیر عون چودھری کو برطرف کردیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے مسقط روانہ ہونے کے فوری بعد وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل اور مشیر عون چودھری کو عہدوں سے فارغ کردیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق عون چودھری کو ان کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد آصف علی کو وزیراعلیٰ کا مشیر تعینات کر دیا گیا ہے۔ ایس اینڈ جی اے ڈی نے آصف علی کی تعیناتی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل کے استعفے کے حوالے سے پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز گل نے استعفا دیا نہیں بلکہ ان سے استعفا لیا گیا ہے جس کی بنیادی وجہ شہباز گل کی بطور ترجمان ناقص کارکردگی ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے شہباز گل سے استعفا لینے سے قبل وزیراعظم عمران خان کو بھی اعتماد میں لیا تھا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہباز گل نہ صرف پنجاب حکومت کے بلکہ مختلف وزراء کے محکموں میں مداخلت کرتے تھے جس کی وجہ سے مختلف صوبائی وزراء شہباز گل سے نالاں تھے اور
انہیں تبدیل کرنے کے لیے وزیراعلیٰ پر شدید دبائو تھا۔ اطلاعات کے مطابق آئندہ چند روز میں صوبائی کابینہ اور بیوروکریسی میں بھی بڑے بڑے برج الٹنے کا امکان ہے۔دوسری جانب سابق ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز گل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میرے استعفے کے بارے میں چہ مگوئیاں جاری ہیں دوستوں سے گزارش ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں۔ انہوںنے کہا کہ وطن عزیز کی خدمت کے لیے مجھے کسی عہدے کی ضرورت نہیں ہے۔ عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے، پہلے بھی عمران خان کا سپاہی تھا اور اب بھی ہوں،پارٹی لیڈر شپ کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا ، پارٹی ڈسپلن کا پہلے بھی پابند تھا اور اب بھی ہوں ۔ شہباز گل نے مزید کہا کہ عمران خان کی قیادت پر فخر ہے ملک کو مسائل کی دلدل سے عمران خان ہی نکالیں گے ۔