سلامتی کونسل کشمیر میں کرفیو کے خاتمے میں کردار ادا کرے ، ملیحہ لودھی

138

 

نیویارک(آن لائن)اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کی قرادادوں پرعملدرآمد نہ ہونے کی قیمت کشمیریوں کی نسلوں نے اپنے خون سے ادا کی ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں سلامتی کونسل کی کارکردگی پر ہونے والے مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی مستقل مندوب نے کہا کہ سلامتی کونسل کا اپنی قراردادوں کو نظرانداز کرنا ادارے کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے۔ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے
واضح کیا کہ کشمیر بھارتی بربریت کے ساتھ ساتھ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدارامد نہ ہونے کی بھی واضع علامت و نشانی ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ پانچ اگست کے غیر قانونی بھارتی اقدامات سے مقبوضہ وادی کشمیر میں ریاستی جبر و تشدد اور ظلم میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے زور دے کر کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کو ختم ہونا ہوگا اور اس ضمن میں سلامتی کونسل کو کرفیو ختم کروانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ سلامتی کونسل کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں بشمول جبری گرفتاریاں اور مظاہرین پر پیلٹ گنز کے استعمال کو بھی رکوانا ہوگا۔مقبوضہ وادی کشمیر میں ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم پر گزشتہ روز امریکی کانگریس کے دو اراکین نے بھی امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو کو خط لکھا ہے جس میں ان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مودی حکومت کے اقدامات کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔